کراچی (رم نیوز)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد ملک بھر کے کمرشل بینکوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کسی بھی قانونی وجہ اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر صارفین کے اکاؤنٹس بلاک یا فریز نہ کریں۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ کسی بھی اکاؤنٹ پر آپریشنل پابندی یا ڈیبٹ بلاک کا اقدام صرف قانون کے مطابق اور مکمل تصدیق کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ایسا اندرونی نظام تیار بنائیں جس سے اکائونٹ ہولڈرز کو غیر ارادی یا احتیاطی پابندیوں کی وجہ سے کوئی مالی نقصان نہ پہنچے۔ سٹیٹ بینک نے اس عدالتی حکم پر عمل درآمد کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دی ہے۔