نیویارک(رم نیوز) اقوام متحدہ نے دنیا بھر کو خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے، فنڈز اکٹھے کرنے اور نئی بھرتیوں کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ڈرونز جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال میں مہارت حاصل کر چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انسدادِ دہشت گردی ایجنسیوں کے سربراہان کی چوتھی اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد خود کو بدلتے حالات کے مطابق تیزی سے ڈھال رہے ہیں اور نئی ٹیکنالوجی نے ان کے لیے کارروائیاں کرنا آسان بنا دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جہاں یہ ٹیکنالوجی ایک چیلنج ہے، وہیں یہ دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرات کی بروقت نشاندہی کی جائے، غیر قانونی فنڈنگ کو روکا جائے اور انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے اس کا مثبت استعمال یقینی بنایا جائے۔
جدید ٹیکنالوجی دہشت گردوں کا نیا ہتھیار، مصنوعی ذہانت اور ڈرونز کا استعمال بڑھ گیا، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا