ملک میں مون سون ہوائیں داخل, کراچی میں جمعہ سے بارش، سندھ کے دیگر اضلاع میں آندھی کا امکان

کراچی(رم نیوز) ملک میں مون سون ہوائیں باقاعدہ طور پر داخل ہو گئی ہیں، جس کے زیرِ اثر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق، کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے، تیز ہوائیں چلنے اور رات و صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر قائد میں جمعہ 3 جولائی کو ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جہاں دیہی سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، گھوٹکی، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور نوشہرو فیروز میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔