پشاور، کے پی حکومت کا صحافیوں کے لیے فلاحی پیکیج کا اعلان، انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے پر اتفاق

پشاور (رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے اور صحافیوں کے لیے الگ انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں میڈیا سیکٹر کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں، جس کے تحت کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے 1 ارب روپے، میڈیا کالونیز کے لیے 50 کروڑ روپے، اور ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کو 20 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے جبکہ پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط ہو گی۔ انہوں نے 'نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو' منصوبے پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے اور ان کے لیے مطالعاتی دورے منعقد کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔