اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کو ان کی بہبود کے منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ احکامات انہوں نے اسلام آباد میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور مینجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی سے ملاقات کے دوران دیے۔
ملاقات میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے او پی ایف کے اب تک کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت کی کمائی وطن بھیج کر ملکی زرمبادلہ اور معیشت میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے حکام کو اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور جاری منصوبوں میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر او پی ایف کے وفد نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔