اسلام آباد (رم نیوز) ملک بھر میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال نے شدید تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ سب سے بڑا حادثہ سوات کی سیف اللہ جھیل میں پیش آیا جہاں کشتی ڈوبنے سے ایک ہی خاندان کے 6 سیاح جاں بحق ہو گئے۔ اس کے علاوہ اٹک اور ژوب میں چھتیں گرنے سے 5 افراد، جبکہ لنڈی کوتل اور قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دیر بالا میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر مدرسے کی 20 طالبات زخمی بھی ہوئیں۔ بارشوں کے باعث لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور ایبٹ آباد و ہری پور میں سیلابی پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ دوسری طرف گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور ندی نالوں میں مزید طغیانی کے خطرے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی تباہی، 14 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی