کاراکس(رم نیوز)وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث جانی نقصان کی تعداد 2,595 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 400 سے تجاوز کر چکی ہے۔ عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں 189 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست لاگویرا ہوئی ہے جہاں سرکاری عمارتیں گرنے سے متعدد علاقائی حکام بھی جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ غیر سرکاری آن لائن فہرستوں کے مطابق قریباً 38 ہزار 500 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ عبوری صدر نے مزید اعلان کیا کہ زلزلہ زدگان کے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تعاون سے 20 کروڑ ڈالر کا خصوصی فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے وینزویلا کو مالی امداد اور قرضوں کی پیشکش بھی کی ہے جسے بحالی کے کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔