کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد جاں بحق

کوئٹہ(رم نیوز)بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانا سر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کو ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

حکام کے مطابق بس میں 35 مسافر سوار تھے۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ نے بتایا کہ علاقہ دشوار گزار ہونے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور اب تک 8 شدید زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ حادثے کے بعد بلوچستان کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔