پاک ترک وزراء کی استنبول میں ملاقات، بحری اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کا عزم

اسلام آباد/استنبول(رم نیوز)پاکستان اور ترکیہ نے تجارتی حجم بڑھانے اور علاقائی روابط کو مضبوط کرنے کے لیے بحری امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے استنبول میں ترک وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں وزراء کے درمیان بحری انفراسٹرکچر کی جدید خطوط پر ترقی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ نظام کا فروغ اور بحری انفراسٹرکچر کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے دونوں ممالک کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے میں مشترکہ اقدامات سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ترک وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بحری تعاون سے دوطرفہ تجارت اور علاقائی روابط کو بے پناہ فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے مستقل اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔