لاہور(رم نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی شدید گرم اور مرطوب موسم کی پیشگوئی کی ہے، تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین اور جیکب آباد میں پارہ 44، ملتان میں 41، جبکہ لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دوسری جانب، عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی حدت اور ریکارڈ توڑ گرمی پر ماہرینِ موسم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایسی شدید لہریں مستقبل کا معمول بنتی جا رہی ہیں، جس کے لیے عالمی اداروں نے ملکوں کو طویل المدتی حکمت عملی اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
شدید گرمی اور حبس ، بعض مقامات پر بارش کی توقع