استنبول(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے استنبول میں بین الاقوامی میری ٹائم تنظیم (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے میری ٹائم سیکٹر میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور بندرگاہوں کی جدید کاری اور بحری شعبے میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آئی ایم او کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے رہا ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ساحلی پٹی پر مینگرووز کی شجرکاری سمیت دیگر ماحول دوست اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آئی ایم او کے سیکریٹری جنرل ارسینیو ڈومینگز نے پاکستان کے ان اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے مینگرووز کی شجرکاری کو مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار بحری نظام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔