لاہور(رم نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی بیٹرز کی بیٹنگ تکنیک کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ترین 'ٹرو مین 3' بولنگ مشین نصب کر دی ہے۔ پاکستان دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ ہے جس نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے اس جدید ٹیکنالوجی کا انتخاب کیا ہے۔ اس مشین کی خاص بات اس کی فرنٹ ایل ای ڈی سکرین ہے، جس پر باؤلر کا اینیمیٹڈ ایکشن نظر آتا ہے۔ اس کی مدد سے بیٹرز کے لیے گیند کے ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو سمجھنا انتہائی آسان ہو جائے گا، جو روایتی مشینوں میں ممکن نہیں ہوتا۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور قومی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشین کھلاڑیوں کو جدید کرکٹ کے چیلنجز کے لیے تیار کرے گی۔ اس مشین میں سپیڈ، لائن، لینتھ اور سوئنگ کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مخصوص باؤلرز کے سپیلز کو بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو بالکل میچ جیسی صورتحال میں پریکٹس کرنے کا موقع ملے گا۔