اسماء عباس کا پختہ عمر کی خواتین کو شادی کا مشورہ

لاہور(رم نیوز) پاکستان کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے 60 سال سے زائد عمر کی تنہا خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر زندگی میں کوئی اچھا اور مخلص انسان مل جائے تو شادی کر لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اپنے تازہ وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے اسماء عباس نے واضح کیا کہ بڑھاپے میں ایک ہمدرد ساتھی کی ضرورت سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے، جو بیماری اور روزمرہ کے معاملات میں سہارا بن سکے۔ انہوں نے اپنی بہن بشریٰ انصاری اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کی پختہ عمر کی شادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو بہترین جیون ساتھی ملے، تاہم ایسے لوگ کم ہی ملتے ہیں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ رشتے باہمی احترام، برداشت اور سمجھ داری سے مضبوط بنتے ہیں، اس لیے اگر کوئی قابلِ اعتماد انسان ملے تو معاشرتی ڈر کے بجائے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔