عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی، صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کا دکھی انسانیت کے عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(رم نیوز) دنیا کے سب سے بڑے رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک کے بانی اور معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر ملک کی اعلیٰ قیادت، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دکھی انسانیت کے لیے ان کی لازوال خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی انسان دوستی اور خدمتِ خلق کی ایک روشن علامت تھے اور ان کا کردار ہماری نوجوان نسل کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔ ؎

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا ایک بے مثل اور روشن باب ہیں، جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ عزم مصمم ہو تو ہر شخص معاشرتی اصلاح میں اپنا تاریخی کردار ادا کر سکتا ہے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عبدالستار ایدھی کو قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی غریبوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ صدر زرداری نے دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک قائم کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی شفقت، رواداری اور انسان دوستی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا۔