میکسیکو (رم نیوز) فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اور مصر کے اہم مقابلے کے دوران ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے ایک فیصلے نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس پر فٹبال مبصرین بھی حیران رہ گئے۔ میچ کے دوران محمد صلاح کے بہترین پاس پر مصری فارورڈ مصطفیٰ زیکو نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچایا اور جشن میں اپنی شرٹ بھی اتار دی، لیکن ریفری نے وی اے آر کے جائزے کے بعد گول سے قبل مصری کھلاڑی کے فاؤل پر اس گول کو منسوخ کر دیا۔
مبصرین نے اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوالات اٹھائے، تاہم انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ کے قوانین کے تحت گول سے قبل کسی بھی فاؤل، آف سائیڈ یا ہینڈ بال پر وی اے آر کو گول منسوخ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اگرچہ بعد میں زیکو نے ایک اور گول کر کے مصر کو 2-0 کی برتری دلائی، لیکن مصری ٹیم اس برتری کو فتح میں تبدیل نہ کر سکی۔