آبنائے ہرمز میں حملے بند نہ ہوئے تو مزید فوجی کارروائیاں ہوں گی:امریکی نائب صدر

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو بند کرنے یا تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تو امریکی فوج اس کا بھرپور اور سخت ترین جواب دے گی۔ واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران امریکی نائب صدر نے امریکہ کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران بحری جہازوں پر حملے روک دیتا ہے تو ہم اپنی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اگر یہ کارروائیاں جاری رہیں تو ہماری جانب سے بھی دندان شکن جوابی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس اب صرف دو ہی راستے ہیں؛ یا تو وہ بین الاقوامی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے اس اہم بحری گزرگاہ کو کھلا رکھے، یا پھر گزشتہ رات کی طرح مسلسل امریکی فوجی حملوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔ جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکی کارروائیوں کا یہ سلسلہ تب تک بند نہیں ہوگا جب تک ایران خطے میں جہازوں پر حملے مکمل طور پر بند نہیں کر دیتا۔