اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے مچھلی اور سمندری خوراک کی برآمدات کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سی فوڈ برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور ان کا مجموعی حجم 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی 'بلیو اکانومی' اصلاحات کے باعث سمندری مصنوعات کی تجارت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی مصنوعات میں 'فروزن مچھلی' سب سے آگے رہی، جبکہ پاکستان سے مچھلی درآمد کرنے والی بڑی عالمی منڈیوں میں چین، جاپان، سعودی عرب اور امریکہ سمیت 10 اہم ممالک شامل ہیں۔ محمد جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کے باوجود یہ ریکارڈ کامیابی میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عالمی معیار برقرار رکھنے کی بدولت ممکن ہوئی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈاکٹر منصور وسان اور ان کی ٹیم کی خدمات کو اوّلین قرار دیتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں سراہا۔