اسلام آباد(رم نیوز)چیئرمین میری ٹائم ٹاسک فورس افتخار احمد راؤ نے کہا ہے کہ پاکستان کی 80 فیصد سے زائد تجارتی سرگرمیاں سمندر کے راستے ہوتی ہیں اور گلف کے اہم ترین سٹریٹجک مقام پر واقع ہونے کی وجہ سے پاکستان وسطی ایشیا تک رسائی کا اہم ترین ذریعہ بن چکا ہے۔ ٹاسک فورس کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگست 2024 میں قائم ہونے والی میری ٹائم ٹاسک فورس نے متعلقہ اداروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ایک باقاعدہ عمل درآمد کمیٹی تشکیل دی، جس کے مستقل اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔ اس کمیٹی نے اضافی عملے کی فراہمی کے ذریعے ورکنگ ٹائم کو تیز کر کے کارکردگی میں حائل رکاوٹیں دور کیں۔
افتخار احمد راؤ نے پاکستان کی بڑی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان بہترین اصلاحات کی بدولت میری ٹائم سیکٹر میں پاکستان کا درجہ 30 فیصد بہتر ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان اب عالمی رینکنگ میں 69 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 'پورٹ قاسم' نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دنیا کی پانچ بہترین بندرگاہوں میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ شپنگ سیکٹر میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اب بین الاقوامی 'ہانگ کانگ کنونشن' کا باقاعدہ حصہ بن چکا ہے اور ملک میں شپ بریکنگ کے حوالے سے نیا ایکٹ بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، شپنگ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے کسٹم ڈیوٹی گزشتہ سال ہی ختم کی جا چکی ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں کو بڑی مدد مل رہی ہے۔