بڑھتی آبادی چیلنج، نوجوانوں پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے: صدر اور وزیراعظم کا عالمی یوم آبادی پر پیغام

کراچی ( رم نیوز)عالمی یوم آبادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی 65 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا اصل اثاثہ ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آبادی اور ملکی ترقی کا گہرا تعلق ہے، اس لیے خواتین کو بااختیار بنانا اور زچہ و بچہ کی صحت پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے علما، میڈیا اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ملکی آبادی کو بوجھ کے بجائے قومی خوشحالی کی صلاحیت میں تبدیل کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد کے تیز اضافے کو تعلیم، صحت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان چیلنجز سے جامع انداز میں نمٹنے اور وفاق و صوبوں میں پالیسی ہم آہنگی کے لیے وفاقی حکومت نے 'نیشنل پاپولیشن کونسل' قائم کر دی ہے تاکہ ملکی وسائل کے مطابق پائیدار خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔