قومی ٹیسٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آج ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگی

لاہور(رم نیوز) پاکستان کی 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے کپتان بابر اعظم کی قیادت میں آج اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔ ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل کھلاڑیوں نے ہفتے کو دو روزہ میچ کھیل کر اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی، جس کے بعد اتوار کو ٹیم نے آرام کیا۔ دورے پر روانگی سے قبل پی سی بی نے ٹیم کے سپورٹ سٹاف میں ایک اہم تبدیلی کی ہے، جس کے تحت سابق انٹرنیشنل کرکٹر منصور امجد کو عبدالسعد کی جگہ نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل شین میکڈرمٹ کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد اچانک استعفیٰ دے دیا، جبکہ ان کا سامان اب بھی لاہور میں موجود ہے۔ فیلڈنگ کوچ کے علاوہ مینجمنٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، سرفراز احمد ہیڈ کوچ، اسد شفیق بیٹنگ اور عمر گل بولنگ کوچ کے طور پر ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔