اسلام آباد(رم نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی 1931ء کے 22 شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں بھارت سے مقبوضہ وادی میں ظلم و جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور فوجی محاصرہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اس مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن عزم و استقامت کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
یومِ شہدائے کشمیر،صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم