بندرگاہوں کی عالمی درجہ بندی میں پیش رفت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری

لاہور(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر آمد پر صدر چیمبر نے ان کا استقبال کیا اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا وژن ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں سیاسی جماعتوں کی بجائے پاکستان کا جھنڈا تھامنا ہو گا، کیونکہ قومی اتحاد ہی ملک کی حقیقی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہوں کی کارکردگی میں حالیہ بہتری مخلصانہ نیت اور حکومتی حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جبکہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی نمایاں پیش رفت ٹیم ورک کا ثمر ہے۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر نے بحری تجارت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو داد دیتے ہوئے انہیں تاجر برادری کے لیے قابلِ تحسین قرار دیا۔