چلاس (رم نیوز)ضلع دیامر میں موسلادھار بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلابی ریلوں اور طغیانی نے وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ بونرداس کے مقام پر سیلاب کے باعث شاہراہِ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر اور سیاح راستے میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق تھور، کھنبری اور نیاٹ کے علاقوں میں سیلابی ریلے درجنوں مکانات، قیمتی زرعی زمینیں اور کھڑی فصلیں بہا لے گئے ہیں۔ تھور کے مقام پر ایک نجی کمپنی کو بدترین مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں کمپنی کے 13 ڈمپر، ایک ایکسویٹر، ایک کریش پلانٹ اور 2 واٹر ٹینکر سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے تمام رابطہ سڑکیں متعدد مقامات پر بند ہیں اور رات گئے سے بجلی کا نظام مکمل طور پر معطل ہونے کی وجہ سے پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے حکومت سے فوری امداد اور سڑکوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے ملبہ ہٹانے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
دیامر میں سیلابی ریلوں سے نقصان ، مسافر اور سیاح محصور