ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے: مراد علی شاہ

کراچی(رم نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق کی ہدایت پر گندم کی کم امدادی قیمت مقرر کرنے کی وجہ سے آٹے کا بحران پیدا ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں سے قانون کے مطابق 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بنیادی ہدف کراچی ہے، لیکن صوبائی حکومت سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور شرپسندوں کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سندھ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر پر جلد نئی بندرگاہ تعمیر کی جائے گی۔