پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری دینے والا ادارہ بنائیں گے، سمری وزیراعظم کو بھیج دی: وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نےکہا ہے کہ پاکستان میرین اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے لیے تمام قانونی و انتظامی مشاورت مکمل کر کے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میرین اکیڈمی کو باقاعدہ ڈگری دینے والا ادارہ بنانے جا رہے ہیں۔ ہمارا مقصد میری ٹائم تعلیم کو بین الاقوامی معیار پر لانا اور اعلیٰ تربیت یافتہ بحری افرادی قوت تیار کرنا ہے تاکہ عالمی شپنگ انڈسٹری کو بہترین ہنرمند فراہم کیے جا سکیں۔ اس سلسلے میں دنیا کے بہترین بحری تعلیمی اداروں کے ساتھ ڈوئل ڈگری پروگرامز کے آغاز پر بھی بات چیت چل رہی ہے۔