مون سون تیاریاں: وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو صوبائی اداروں کے ساتھ الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی ہے کہ مون سون بارشوں کے تناظر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے صوبائی اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ اور روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔یہ بات انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور ہنگامی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موسم کی پیشگی اطلاع دینے والے نظام (ارلی وارننگ سسٹم) کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔