20 کروڑ تک سالانہ کاروبار کرنے والے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کا مسودہ تیار، ایف بی آر نے تجاویز مانگ لیں

لاہور(رم نیوز)وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس کے نظام کو سہل اور آسان بنانے کے لیے ’’سپیشل پروسیجر فار سمال شاپ کیپرز‘‘ کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تاجر برادری اور متعلقہ حلقوں سے سات روز کے اندر تجاویز اور اعتراضات طلب کر لیے ہیں۔

جاری کردہ مسودے کے مطابق، یہ خصوصی طریقہ کار ان انفرادی دکانداروں کے لیے ہے جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے، جبکہ گزشتہ تین برسوں میں کسی ایک سال بھی اس حد سے زائد کاروبار کرنے والے تاجر سکیم کا فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ یہ سکیم مکمل طور پر رضاکارانہ رکھی گئی ہے، جس کے تحت تاجروں کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اس خصوصی طریقہ کار کے تحت ٹیکس ادا کریں یا پھر معمول کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔ اس سکیم کو اختیار کرنے والے دکانداروں کو یہ بڑی سہولت حاصل ہوگی کہ ان کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔