صادق خان کو'ہاؤس آف لارڈز' کا تاحیات رکن نامزد کر دیا گیا

لندن(رم نیوز) لندن کے موجودہ مئیر صادق خان کو برطانوی پارلیمان کے باوقار ایوان بالا یعنی 'ہاؤس آف لارڈز' کا تاحیات رکن نامزد کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ 'لارڈ خان' کہلائیں گے۔ برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے سے قبل 26 اراکین پر مشتمل جو خصوصی فہرست جاری کی، اس میں صادق خان کا نام سرفہرست ہے۔ شاہ چارلس کی جانب سے ان تمام نامزدگیوں کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔ تین بار لندن کے میئر منتخب ہونے والے صادق خان اس نئے تاریخی اعزاز کے بعد بھی بطور میئر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ اس نامزدگی کے بعد اب وہ برطانوی قانون ساز ادارے کے اس باوقار ایوان میں بیٹھ کر براہِ راست قانون سازی میں بھی حصہ لے سکیں گے۔