اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم کراچی کے شہریوں کو ہلکی بوندا باندی کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا جبکہ ہوا میں 75 فیصد نمی کے ساتھ پارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس لاہور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں ہوا بند ہونے سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے اور وہاں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بلوچستان میں سبی اور نوکنڈی 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین علاقے رہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور اور سبی میں شدید حبس اور گرمی، کراچی میں بوندا باندی کی پیشگوئی