نیویارک (رم نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کی طاقت کے ذریعے دنیا بھر کی اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لا رہا ہے، اور اس کی سب سے بڑی مثال فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل فٹبال ہے جو پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے مطابق، نیویارک میں اقوام متحدہ کے یوتھ آفس اور فیفا کے اشتراک سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کا عنوان "ون ورلڈ، ون گیم، ون گول: نوجوانوں کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے فٹبال بطور محرک" تھا۔ اس اہم عالمی تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
تقریب کے دوران نوجوانوں کی ذہنی صحت، سماجی ہم آہنگی اور عالمی یکجہتی کے فروغ میں کھیلوں، بالخصوص فٹبال کے مثبت کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی مشن نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ عالمی کھیلوں کے سب سے بڑے میلے (فیفا ورلڈ کپ) کے لیے فٹبال کی فراہمی کر کے پاکستان دنیا کو جوڑنے اور امن و یکجہتی کو فروغ دینے میں اپنا تاریخی کردار ادا کر رہا ہے۔