پاک کینیڈا مذاکرات: دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان اور کینیڈا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور زراعت و صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈین ہم منصب انیتا آنند کا دفتر خارجہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم 3 لاکھ سے زائد پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور اس دورے سے تعلقات کو نئی رفتار ملے گی۔ کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انیتا آنند اپنے اس سرکاری دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے مزید ملاقاتیں بھی کریں گی۔