اسلام آباد(رم نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں ندی نالوں میں طغیانی، اونچے درجے کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے ندی نالوں میں اچانک سیلابی ریلوں کا شدید خدشہ ہے۔ دریائے چناب اور دریائے جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، جبکہ بھارتی ڈیموں سے پانی کے اخراج کی صورت میں راوی اور ستلج میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گجرات سمیت پنجاب کے اہم شہروں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب 21 سے 23 جولائی تک چترال اور گلگت بلتستان کی اہم شاہراہوں، خصوصاً جگلوٹ۔اسکردو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر اور ندی نالے عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ انتظامیہ کو امدادی ٹیمیں الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔