پشاور(رم نیوز)محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں جمعرات تک شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آندھی، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور دیگر کمزور ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 64 ملی میٹر اور چراٹ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔