لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی شدید بارش

لاہور(رم نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں مون سون کی موسلا دھار بارش کے باعث جہاں شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ لاہور میں بارش کا سلسلہ علی الصبح شروع ہوا جو شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہا۔ سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے علاقے میں 212 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاجپورہ میں 123، شادی پورہ میں 120، کاہنہ میں 119، مغلپورہ میں 117 اور اپر مال میں 104 ملی میٹر بارش کی تصدیق کی گئی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ دیگر اضلاع تک بھی پھیلا ہوا ہے، جن میں قصور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، شکر گڑھ، مریدکے، کامونکے اور حافظ آباد شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی ہے، جبکہ آج لاہور میں درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ انتظامیہ اور ماہرینِ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ، کھڑے پانی میں کرنٹ پھیلنے کے خطرے کے پیشِ نظر شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، تاروں اور ٹرانسفارمرز سے دور رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوراً رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔