وزیرِ بحری امور کی بیجنگ میں اہم ملاقات، بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تعاون پر اتفاق

بیجنگ(رم نیوز)وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے بیجنگ میں چائنہ ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک اور بندرگاہوں کو جدید بنانے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بندرگاہوں کی ترقی اور انہیں اقتصادی راہداریوں سے جوڑنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار انفراسٹرکچر سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا اور چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔ اس موقع پر چینی کمپنی کے نائب صدر نے پاکستان کے انفراسٹرکچر منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔