واشنگٹن(رم نیوز )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحاتی پروگرامز پر اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے اعلیٰ حکام، بشمول ڈین کٹز، نائجل کلارک، جہاد ازور اور ایوا پیٹرووا سے علیحدہ ملاقاتوں میں پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کو پیش کیا۔
انہوں نے زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر، ریکارڈ ترسیلاتِ زر، ٹیکس وصولیوں اور توانائی کے شعبے میں جاری ساختار اصلاحات کے اثرات سے فنڈ انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ ان ملاقاتوں میں نجکاری، قرضوں کے انتظام، ٹیرف کی درستگی اور ایکسپورٹ پر مبنی معاشی ترقی پر بھی اتفاقِ رائے ہوا۔ آئی ایم ایف انتظامیہ نے پاکستان کے طے شدہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کی تعریف کی، جس پر وزیر خزانہ نے مالیاتی نظم و ضبط اور طویل المدتی معاشی استحکام کا اعادہ کیا۔