عالمی تجارت پر حوثی حملے اور افغان طالبان کی دہشت گردوں کی سرپرستی قابل مذمت: ترجمان دفترِ خارجہ

اسلام آباد(رم نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں حوثیوں کی جانب سے سعودی آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی تجارت اور علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور تمام فریقین سے ضبط و تحمل اور سفارت کاری کا تقاضہ کرتا ہے۔ افغانستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی اور محفوظ ٹھکانوں کی موجودگی سے خطے کا امن خطرے میں ہے، اور اس دہشت گردی میں ہزاروں پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے طالبان کو جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آسیان فورم کے دوران روسی اور دیگر وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں دوطرفہ روابط اور مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن پر بات چیت کی۔