ایران سفارت کاری کے لیے سنجیدہ نہ ہوا تو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا: مارکو روبیو

منیلا (رم نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر تہران مذاکرات اور معاہدے کے لیے واقعی سنجیدہ نہیں ہوتا تو اسے اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ منیلا میں آسیان اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران متعدد بار رابطہ کر کے معاہدے کی درخواست کر چکا ہے، تاہم عملی طور پر اس کا رویہ سنجیدہ نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن سفارت کاری کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہتا، لیکن ایران کو اپنی پالیسیاں بدلنا ہوں گی کیونکہ وہ اپنی کارروائیوں کی وجہ سے پہلے ہی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔ مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکہ اب بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن اگر ایران نے اپنا طرزِ عمل نہ بدلا تو واشنگٹن اپنے اور اتحادیوں کے مفادات کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔