ٹیکنالوجی روزگار ختم نہیں کرتی، نوعیت بدلتی ہے: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان روبوٹکس، آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تیزی سے پیشرفت کر رہا ہے، جس سے ملک جلد عالمی ٹیکنالوجی کے نقشے پر نمایاں مقام حاصل کر لے گا۔ 'راس ایکسپو 2026' کے کامیاب انعقاد پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی ادارے، اساتذہ، نوجوان اور صنعتیں باہمی تعاون سے ایک مضبوط اور جدید ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ملک میں روبوٹکس کے فروغ کے لیے 20 ملین ڈالر کے فنڈ کا اعلان کیا ہے، جبکہ صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید سمیولیٹرز کی تیاری پر بھی عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ دو روزہ نمائش کے دوران ریسکیو روبوٹس، دفاعی ٹیکنالوجی، صنعتی آٹومیشن اور جدید نیویگیشن سسٹمز جیسے انقلابی ماڈلز پیش کیے گئے۔ اس موقع پر عام خدشات کا جواب دیتے ہوئے شزا فاطمہ نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے روزگار ختم نہیں ہوگا، بلکہ اس سے ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہوگی اور جدید مہارتیں رکھنے والے افراد کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔