آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ کا آغاز، سخت سکیورٹی انتظامات

میرپور(رم نیوز)آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع (میرپور، بھمبر اور کوٹلی) کے 13 حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ان 13 نشستوں پر 288 امیدوار مدمقابل ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ ڈویژن بھر میں کل 14 لاکھ 437 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ شفاف اور پُرامن انتخابات کے لیے 2,316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1,900 سے زائد کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک فوج کے 2,100 جوان بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔