لاہور(رم نیوز)صوبے بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں اور نالوں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ، چناب اور راوی کے مختلف مقامات پر نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ وزیرآباد کے نالا پلکھو میں اونچے درجے کی طغیانی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے اطراف کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور نہروں کے قریب جانے یا وہاں سیرو تفریح سے گریز کریں اور بچوں کو ہرگز نہانے نہ دیں۔
مون سون ، پنجاب کے دریاؤں اور نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری