اسلام آباد(رم نیوز) قازقستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر یرزھان کستافین نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے الوداعی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تجارتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے پاک-قازقستان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے قازق سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں وسطی ایشیا کے لیے بہترین ٹرانزٹ ہب بن سکتی ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان قازق کارگو کو ترجیحی بنیادوں پر بندرگاہی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے خطے میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے اور فری زونز میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر قازق سفیر یرزھان کستافین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بندرگاہی تعاون کے فروغ اور پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال سے قازق تجارت کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے، جس سے دوطرفہ تجارت کے لیے نئے راستے کھلیں گے۔