انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن، وزیراعظم کا مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (رم نیوز)انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس عالمی جرم کے خلاف مشترکہ اور موثر کاوشیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی سمگلنگ محض ایک بین الاقوامی جرم نہیں بلکہ انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے، جس کا قلع قمع کرنے کے لیے متحد اور غیر متزلزل حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اس مکروہ فعل کے مکمل سدباب کے لیے قانون، سماج اور انتظامی سطح پر ہمہ جہت منصوبہ بندی ضروری ہے کیونکہ اس کا تعلق جعلی سفری دستاویزات، منی لانڈرنگ اور جبری مشقت جیسے دیگر منظم جرائم سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پیچیدہ جرم کی روک تھام کے لیے تمام قومی اداروں کا باہمی تعاون انتہائی اہم ہے، اور موجودہ حکومت نے ایف آئی اے سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی پیشگی روک تھام کے لیے خصوصی حکمتِ عملی فراہم کر دی ہے۔