لاہور (رم نیوز) ترجمان پنجاب پی ڈی ایم اے نے آگاہ کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اب مکمل طور پر معمول پر آ گیا ہے، تاہم 5 اگست تک مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ جاری رہنے کے باعث مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کی صورتحال بالکل نارمل ہے۔ صرف دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوسک ہے۔ اس کے علاوہ تربیلا، چشمہ، تونسہ اور ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
نالہ ایک اور بئیں میں نچلے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اور پی ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔