اسلام آباد (رم نیوز) وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی عازمینِ حج کے لیے تاریخ میں پہلی بار سال 2027 تا 2030 تک کے لیے چار سالہ جامع حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے ایک نئی اور منفرد حج سیونگ سکیم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت حج کا ارادہ رکھنے والے افراد صرف 10 فیصد حج اخراجات پیشگی جمع کرا کے کئی سال پہلے ہی اپنی حج بکنگ اور رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
وزارت کے مطابق یہ سیونگ سکیم مالیاتی اداروں کے تعاون سے مکمل طور پر شریعت کے اصولوں کے مطابق تیار کی جا رہی ہے، اور اس کا باضابطہ آغاز آئندہ دو سے تین ماہ میں متوقع ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے عازمین اپنی رقوم حکومتی بچت پروگرام میں جمع کرا سکیں گے تاکہ وقت کے ساتھ باآسانی حج کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کی جمع کردہ رقوم حکومت کے پاس بطور ڈپازٹ محفوظ رہیں گی۔