اسلام آباد (رم نیوز) ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے مشرق وسطیٰ اور آبنائے ہرمز کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بحران کا حل صرف سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے معاملے میں اپنا مصالحتی کردار ادا کر رہا ہے اور کوشش ہے کہ فریقین کو 'اسلام آباد ایم او یو' پر واپس لایا جائے، جبکہ اس کشیدگی کو خطے کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روکنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے خطے میں امن کے لیے حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے گفتگو سمیت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے سعودی اور اردنی وزرائے خارجہ سے رابطے ہوئے ہیں، جبکہ کویت کے وزیر خارجہ نے بھی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ دفترِ خارجہ نے امید ظاہر کی کہ فریقین تکنیکی سطح کے مذاکرات پر واپس لوٹ آئیں گے تاکہ صورتحال کو بہتر کیاجا سکے۔