دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب، پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری

لاہور (رم نیوز) صوبہ پنجاب میں دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 63 ہزار اور چشمہ میں 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیر آباد میں نالہ پلکھو پر درمیانے اور نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔