سرگودھا(رم نیوز)پاکستان کی ویمنز باکسنگ ٹیم کی کپتان فاطمہ زہرا نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کے لیے باکسنگ کا پہلا تاریخی میڈل یقینی بنا دیا ہے۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
سرگودھا سے تعلق رکھنے والی فاطمہ زہرا نے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی تجربہ کار باکسر جارڈن ولسن کو متفقہ فیصلے سے شکست دی۔ ان کا فائنل میں رسائی کے لیے آج کینیڈا کی میری ال مہدیہ کے خلاف سیمی فائنل کا مقابلہ ہے۔ یہ کامیابی انتہائی کٹھن حالات میں حاصل کی گئی؛ ان کے والد ہسپتال میں کلاس فور ملازم ہیں جو گزر اوقات کے لیے باربی کیو کا سٹال لگاتے تھے، جہاں فاطمہ ہاتھ بٹاتی تھیں۔ محدود وسائل، طعنوں اور نامساعد حالات کے باوجود فاطمہ کی دن رات کی محنت اور عزم نے آج انھیں اس مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں وہ پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔