مظفرآباد(رم نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں آج 21 میں سے 20 نشستوں پر پولنگ جاری ہے، جبکہ حلقہ ایل اے-27 مظفرآباد ون میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے، تاہم ایک حلقے میں پولنگ ملتوی ہونے کے بعد 20 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں پر 208 جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ کے لیے 1,483 پولنگ اسٹیشنز اور 2,219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر آٹھ، حساس پر چھ اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر چار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں تاکہ انتخابی عمل پرامن انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز سے بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ادھر الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔ حلقہ ایل اے-27 مظفرآباد ون میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنوں تک نہ پہنچ سکا، جس کے باعث اس حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی۔