اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ این ڈی ایم اے نے دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اگلے 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران اٹک، فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور چواً سیدان شاہ میں بارش کا امکان ہے۔
پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم تشکیل پا رہا ہے، جس کے تحت چکوال، کلر کہار، دینہ، گوجر خان، منگلا اور جہلم میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کی اس صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 4 اگست تک ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے اور مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔